WHAT SHOULD PEOPLE DO IF IMAM STARTS PRAYING SITTING DOWN
بیٹھ کر نماز پڑھانے والے امام کی امامت میں مقتدی نماز کیسے پڑھیں، بیٹھ کر یا کھڑے ہو کر؟ یہ مسئلہ اہل علم کے ہاں مختلف فیہ ہے۔ اختلاف کی وجہ ذخیرۂ احادیث میں بظاہر مختلف روایات کا موجود ہونا ہے۔
TYPE 1
Sahih Bukhari Hadees No 734 [E]
Sahih Muslim Hadees No 935 [E]
حضرت ابوہریرہ ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ’’امام اس لیے بنایا گیا ہے کہ اس کی پیروی کی جائے ................. اور جب وہ کھڑا ہو کر نماز پڑھے تو تم بھی کھڑے ہو کر پڑھو اور جب وہ بیٹھ کر پڑھے تو تم بھی سب کے سب بیٹھ کر نماز پڑھو‘‘
Sahih Bukhari Hadees No 688
Sahih Muslim Hadees No 926
ام المؤمنین عائشہ ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ بیمار ہو گئے، آپ کے صحابہ میں سے کچھ لوگ آپ کے پاس آپ کی بیمار پرسی کے لیے حاضر ہوئے۔ رسول اللہﷺ نے بیٹھ کر نماز پڑھی تو انہوں نے آپ کی اقتدا میں کھڑے ہو کر نماز پڑھنی شروع کی۔ آپ نے انہیں اشارہ کیا کہ بیٹھ جاؤ تو وہ بیٹھ گئے۔ جب آپ نماز سے فارغ ہو گئے تو آپ نے فرمایا : ’’ امام اسی لیے بنایا جاتا ہے کہ اس کی اقتدا کی جائے، جب وہ رکوع کرے تو تم رکوع کرو اور جب وہ ( رکوع وسجود سے سر ) اٹھائے تو ( پھر ) تم ( بھی سر ) اٹھاؤ اور جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم بھی بیٹھ کر نماز پڑھو۔
Sahih Muslim Hadees No 928
جابر ؓ کہتے ہیں ( ایک مرتبہ ) رسول اللہ ﷺ بیمار ہوئے، تو ہم نے آپ کے پیچھے نماز پڑھی، آپ بیٹھ کر نماز پڑھا رہے تھے، اور ابوبکر ؓ زور سے تکبیر کہہ کر لوگوں کو آپ کی تکبیر سنا رہے تھے، (نماز میں) آپ ہماری طرف متوجہ ہوئے تو آپ نے ہمیں دیکھا کہ ہم کھڑے ہیں، آپ نے ہمیں بیٹھنے کا اشارہ کیا، تو ہم بیٹھ گئے، اور ہم نے آپ کی امامت میں بیٹھ کر نماز پڑھی، جب آپ نے سلام پھیرا تو فرمایا: ابھی ابھی تم لوگ فارس اور روم والوں کی طرح کر رہے تھے، وہ لوگ اپنے بادشاہوں کے سامنے کھڑے رہتے ہیں، اور وہ بیٹھے رہتے ہیں، تو تم ایسا نہ کرو، اپنے اماموں کی اقتداء کرو، اگر وہ کھڑے ہو کر نماز پڑھیں تو تم کھڑے ہو کر پڑھو، اور اگر بیٹھ کر پڑھیں بھی بیٹھ کر پڑھو.
Sahih Bukhari Hadees No 1114
Sahih Muslim Hadees No 921
انس بن مالک ؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ گھوڑے پر سوار ہوئے پھر اس سے گر گئے، آپ ﷺ کے دائیں پہلو میں خراش آ گئی جس کی وجہ سے آپ ﷺ نے ایک نماز بیٹھ کر پڑھی، تو ہم لوگوں نے بھی وہ نماز آپ کے پیچھے بیٹھ کر پڑھی، پھر جب آپ نماز سے فارغ ہوئے تو آپ ﷺ نے فرمایا: امام اسی لیے بنایا جاتا ہے کہ اس کی اقتداء کی جائے، جب وہ کھڑے ہو کر نماز پڑھے تو تم بھی کھڑے ہو کر نماز پڑھو، جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو، جب وہ سر اٹھائے تو تم بھی سر اٹھاؤ، اور جب وہ «سمع الله لمن حمده» کہے تو تم «ربنا ولك الحمد» کہو، اور جب امام بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم سب بھی بیٹھ کر پڑھو۔
TYPE 2
Sahih Bukhari Hadees No 687 & 713
Sahih Muslim Hadees No 936
ام المؤمنین عائشہ ؓ نے بیان کیا کہ نبی کریم ﷺ زیادہ بیمار ہو گئے تھے تو بلال ؓ آپ ﷺ کو نماز کی خبر دینے آئے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ابوبکر سے نماز پڑھانے کے لیے کہو۔ میں نے کہا کہ یا رسول اللہ! ابوبکر ایک نرم دل آدمی ہیں اور جب بھی وہ آپ کی جگہ کھڑے ہوں گے لوگوں کو (شدت گریہ کی وجہ سے) آواز نہیں سنا سکیں گے۔ اس لیے اگر عمر ؓ سے کہتے تو بہتر تھا۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ابوبکر سے نماز پڑھانے کے لیے کہو۔ پھر میں نے حفصہؓ سے کہا کہ تم کہو کہ ابوبکر نرم دل آدمی ہیں اور اگر آپ کی جگہ کھڑے ہوئے تو لوگوں کو اپنی آواز نہیں سنا سکیں گے۔ اس لیے اگر عمر سے کہیں تو بہتر ہو گا۔ اس پر آپ ﷺ نے فرمایا کہ تم لوگ صواحب یوسف سے کم نہیں ہو۔ ابوبکر سے کہو کہ نماز پڑھائیں۔ جب ابوبکر ؓ نماز پڑھانے لگے تو نبی کریم ﷺ نے اپنے مرض میں کچھ ہلکا پن محسوس فرمایا اور دو آدمیوں کا سہارا لے کر کھڑے ہو گئے۔ آپ ﷺ کے پاؤں زمین پر نشان کر رہے تھے۔ اس طرح چل کر آپ ﷺ مسجد میں داخل ہوئے۔ جب ابوبکر نے آپ ﷺ کی آہٹ پائی تو پیچھے ہٹنے لگے اس لیے رسول اللہ ﷺ نے اشارہ سے روکا پھر نبی کریم ﷺ ابوبکر ؓ کے بائیں طرف بیٹھ گئے تو ابوبکر کھڑے ہو کر نماز پڑھ رہے تھے۔ اور رسول اللہ ﷺ بیٹھ کر۔ ابوبکر ؓ رسول اللہ ﷺ کی اقتداء کر رہے تھے اور لوگ ابوبکر ؓ کی اقتداء۔
وضاحت : امام احمد بن حنبل ان دونوں قسم کی روایات میں تطبیق دیتے ہوئے یہ رائے رکھتے ہیں کہ اگر امام کھڑے ہو کر نماز کی ابتدا کرے اور اثناے نماز میں کسی عذر یا ضرورت کی بنا پر امام کو بیٹھنا پڑ جائے تو بیٹھ سکتا ہے لیکن مقتدی کھڑے رہیں گے اور اگر امام بیٹھ کر نماز کی ابتدا کرے تو مقتدی بھی امام کی اقتدا میں بیٹھ کر نماز پڑھیں گے، کیونکہ نبی اکرم ﷺ نے انس ؓ کی حدیث کے مطابق بیٹھ کر نماز پڑھائی تو صحابہ کرامؓ نے بھی بیٹھ کر پڑھی لیکن آخری نماز میں ابوبکر ؓ نے کھڑے ہو کر شروع کی تو مقتدیوں نے بھی نبی کریم ﷺ کے بیٹھنے کے باوجود کھڑے ہو کر نماز پڑھی.
امام احمد بن حنبل کا موقف ہے کہ بیٹھے امام کے اقتدا میں مقتدی بھی بیٹھ کر نماز پڑھیں گے۔ اس قول کے قائلین میں سیدنا جابر بن عبداللّٰہ، سیدنا اسید بن حضیر، سیدنا ابو ہریرہ، سیدنا قیس بن فہد وغیرہ اور امام اسحٰق اور امام اوزاعی وغیرہ شامل ہیں (شرح مسلم از امام نووی2؍1589)۔
امام مالک اور امام حسن بصری کا موقف ہے کہ امام وقت (وقت کا امام) جب بیمار ہو یا کسی عذر کی بنا پر جماعت کھڑے ہو کر نہ کروا سکے تو امام کو اپنا نائب بنانا چاہیے اور وہ خود جماعت نہ کروائے۔ وہ قاعد (یعنی بیٹھے) امام کی امامت کے جواز کے ہی قائل نہیں ہے (صحیفہ ہمام بن منبہ ص:149)۔
امام ابوحنیفہ اور امام شافعی کا موقف ہے کہ امام کسی عذر وغیرہ کی بنا پر بیٹھ کر جماعت کروا سکتا ہے لیکن مقتدی بیٹھے امام کے پیچھے کھڑے ہو کر نماز پڑھیں گے۔ اس نظریہ کے حاملین میں امام سفیان ثوری اور امام عبداللّٰہ بن مبارک بھی شامل ہیں (شرح مسلم از امام نووی: 2؍1589)۔
Ещё видео!